مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور حضرت خاتم الانبیاءؐ مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہی نے دفاعِ مقدس اور مزاحمت کی یادگاروں اور اقدار کے تحفظ کے فاؤنڈیشن کی نمایاں سرگرمیوں اور منصوبوں کی نمائش کا دورے کے دوران گزشتہ دو جنگوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت ابتدا ہی سے اسلامی جمہوریہ ایران کا تختہ الٹنے کے درپے تھے اور اس مقصد کے حصول کے لیے انہوں نے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور فوجی وسائل میدان میں جھونک دیے تھے؛ تاہم دشمن کا خیال تھا کہ وہ مختصر وقت میں اپنے مقصد تک پہنچ جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارہ روزہ مسلط کردہ جنگ دشمن کی جانب سے تجویز کردہ جنگ بندی کے ساتھ ختم ہوئی، جبکہ اگلی جنگ میں بھی، اس کے باوجود کہ دشمن کا خیال تھا کہ وہ 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر معاملہ ختم کر دے گا، لڑائی 40 روز تک جاری رہی۔ ان دونوں جنگوں کے تجربے نے ثابت کیا کہ فوجی سازوسامان جنگ میں مؤثر عوامل کا صرف ایک حصہ ہے، جبکہ جنگ کے میدان کے انجام کا فیصلہ قومی عزم، ایمان اور وعدہ ہائے الٰہی پر یقین کرتے ہیں۔
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمن نہ تو ملک کی سرزمین پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوا اور نہ ہی ایرانی قوم کے عزم کو متزلزل کر سکا، کہا کہ جنگ کے دوران بے شمار نقصانات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سنگین جرائم بھی انجام دیے گئے؛ تاہم ان نقصانات کے ساتھ ساتھ ملک کو اہم اسباق اور تجربات بھی حاصل ہوئے۔ میدانِ جنگ اور عوامی عزم کے حوالے سے غیر معمولی استقامت کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جو ملک کی سب سے بڑی صلاحیتوں میں سے ایک شمار ہوتی ہے۔ اس جنگ نے فوجی شعبے کی کمزوریوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کا موقع فراہم کیا، جبکہ زیادہ صلاحیت اور کارکردگی کے حامل مقامی سازوسامان کی تیاری کی استعداد کو بھی مسلسل برقرار رکھنے کا موقع ملا۔
میجر جنرل عبداللہی نے دفاعی خود کفالت کو جنگ کا سب سے اہم سبق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک مقامی سازوسامان اور ملکی پیداوار پر انحصار تھا۔ اس تجربے نے ثابت کیا کہ خود کفالت اور ملک کے سائنس دانوں، ماہرین اور محققین کی صلاحیتوں پر بھروسا، دفاعی قوت کو مزید بہتر بنانے کی راہ ہموار کرتا ہے۔
انہوں نے ملک کی دفاعی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں پوری صراحت اور جرأت کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ ہم آج دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے مقابلے میں مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بحری شعبے میں قابلِ ذکر کامیابیاں اور پیش رفت حاصل ہوئی اور مسلح افواج امریکی بحری طاقت کے مقابلے میں مؤثر اقدامات کرنے میں کامیاب رہیں۔ ہم سمندری حدود میں امریکیوں کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوئے؛ اللہ کے فضل سے اس خطے میں ہم امریکیوں کو قطبِ جنوبی تک پیچھے دھکیل دیں گے۔ امریکی ہمارے اس اقدام کا انتظار کریں۔
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے مزید کہا کہ ایرانی قوم اور اسلامی جمہوریہ کے مجاہدین نے ثابت قدمی اور مزاحمت کے ذریعے جنگ کی اس کٹھن آزمائش کو عبور کیا اور اسی استقامت نے فتح کی راہ ہموار کی۔ یہ راستہ اس وقت تک جاری رہنا چاہیے جب تک دشمن اپنے اقدامات پر پشیمان نہ ہو جائے۔ اسی طرح شہید رہبر، جنگ کے شہداء اور شہید بچوں کے خون کا انتقام ایک ایسا مطالبہ ہے جس کی جدوجہد اللہ کے فضل و کرم سے کی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ